اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو گزشتہ شب بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور حالیہ سفارتی پیش رفت پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
مکہ معاہدے پر بحرین کا مثبت ردعمل
بحرینی وزیر خارجہ الزیانی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس معاہدے کو خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
بحرینی وزیر خارجہ کا جلد پاکستان دورہ کرنے کا ارادہ
عبداللطیف الزیانی نے اس موقع پر مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظار کیا۔ اسحاق ڈار نے بحرینی ہم منصب کے دورے کی خواہش کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کے جذبات پر شکریہ ادا کیا۔
مذاکرات اور سفارت کاری پر پاکستان کا عزم
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس موقع پر دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا بھر میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو فروغ دینے کے اپنے اصولی موقف پر کاربند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن بقائے باہمی اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے۔
یہ ٹیلی فونک گفتگو ایسے وقت میں ہوئی ہے جب علاقائی اتحاد اور دفاعی تعاون کو نئی جہت مل رہی ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
