وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے علاقے وادی تیراہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جہاں دہشت گردوں کی فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکروہ عزائم ہمارے عزم کو کبھی کمزور نہیں کر سکتے۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی جاری کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے اور انہیں منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی رکھتے ہیں۔ انہوں نے قبائلی رہنماؤں اور عوامی نمائندوں کا جرگہ پشاور میں طلب کر لیا ہے تاکہ مقامی لوگوں کے جذبات اور تحفظات کو سنا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لئے ایک کروڑ روپے فی کس اور زخمیوں کے لئے 25 لاکھ روپے کے پیکج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت امن کے قیام، عوامی تحفظ اور باہمی احترام کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے لئے آل پارٹیز کانفرنس میں ان مسائل پر غور کیا گیا ہے اور تجاویز مرتب کی گئی ہیں۔
ان اقدامات کے ساتھ ساتھ، حکومت نے عمائدین اور مشران کے ساتھ جرگوں کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا جو ڈویژنل سطح پر ہوگا اور پھر صوبائی سطح پر جاری رہے گا۔ اس سلسلے کا آغاز آئندہ ہفتے سے کیا جائے گا۔ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کو متحد رکھا جائے۔




