دوحہ: قطر کی وزارت داخلہ کے مطابق پاکستانی شہریوں کو 30 دن تک کے قیام کے لیے مفت ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، تاہم اس سہولت سے مستفید ہونے کے لیے مسافروں کو چار مخصوص شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر جاری معلومات کے مطابق یہ ویزا 30 دن تک کے لیے جاری کیا جا سکتا ہے، یا پھر اس مدت تک جس کا تعین مسافر کی ہوٹل بکنگ سے ہوتا ہے۔
چار لازمی شرائط
مفت ویزا آن ارائیول حاصل کرنے کے خواہشمند مسافروں کو درج ذیل شرائط پوری کرنا ضروری ہیں:
- پاسپورٹ کم از کم تین ماہ کے لیے کارآمد ہو۔
- واپسی کا تصدیق شدہ ٹکٹ موجود ہو۔
- ہوٹل کی بکنگ قطر کی سرکاری سیاحتی ویب سائٹ Discover Qatar کے ذریعے کی گئی ہو۔
- قطر کی وزارت صحت عامہ سے منظور شدہ کمپنی سے ہیلتھ انشورنس حاصل ہو۔
ہوٹل بکنگ کا طریقہ کار اہم
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ہوٹل کی بکنگ صرف قطر کی سرکاری سیاحتی ویب سائٹ Discover Qatar کے ذریعے قبول کی جائے گی۔ دیگر ویب سائٹس یا آن لائن بکنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے کی گئی ریزرویشن اس سہولت کے لیے قابل قبول نہیں ہوں گی، جو کہ اس اسکیم کی سب سے اہم اور حساس شرط ہے۔
ہیلتھ انشورنس بھی لازمی
پاکستانی مسافروں کے لیے یہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے کہ ان کے پاس قطر کی وزارت صحت عامہ سے منظور شدہ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ انشورنس ہو۔ وزارت کے مطابق مفت ویزا آن ارائیول کے لیے تمام چاروں شرائط کا پورا ہونا ضروری ہے۔
ناقص دستاویزات کی صورت میں داخلے کی ضمانت نہیں
وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ جو مسافر مطلوبہ دستاویزات فراہم نہیں کر سکتے یا شرائط پوری نہیں کرتے، ان کے لیے اس سہولت کے تحت قطر میں داخلے کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ لہٰذا مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ روانگی سے قبل شرائط کی مکمل جانچ پڑتال کریں اور ضروری دستاویزات تیار رکھیں۔
دیگر ویزا پروگرامز سے علیحدہ انتظام
واضح رہے کہ یہ انتظام قطر کے دیگر ویزا فری انٹری اور سیاحتی ویزا پروگرامز سے الگ ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے متعلقہ تقاضوں کو غور سے پڑھیں تاکہ کسی قسم کی مشکل یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
