پیس شاپنگ مال لاہور میں آگ لگانے کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج

Shopping Mall Fire

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پیس شاپنگ مال میں آتشزدگی کا مقدمہ تھانہ گلبرگ میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا۔

مقدمہ شاپنگ مال کے جنرل سیکریٹری مرزا عامر بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پلازے کی بیسمنٹ میں واقع ایل ٹی ای روم سے 11بجکر15 منٹ پر تمام پلازے کی لائٹ بند کر دی جاتی ہے۔ ایل ٹی ای روم سے مین سپلائی بند ہوئے کے باعث پلازے میں شارٹ سرکٹ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

جنرل سیکریٹری مرزا عامر بیگ نے کہا کہ دو ماہ قبل پیس انتظامیہ اور مالکان نے دوران میٹنگ مجھے اور میرے دیگر ساتھی محمد عرفان اور عثمان صدیق کو بلایا تھا اور انتظامیہ نے ہمیں بھاری رقم کی پیش کش کرتے ہوئے پیس شاپنگ مال کو خالی کروانے کے لئے زور دیا، لیکن ہم نے پیس انتظامیہ کی آفر ٹھکرا دی تھی، جس کے بعد نامعلوم افراد نے گزشتہ رات پیس میں آگ لگائی جس سے پلازہ جل کر خاکستر ہو گیا۔