راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں چلنے والے کالعدم گروہ “فتنہ الخوارج” کے دس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
جنوبی وزیرستان: فوجی چوکی پر حملے کی کوشش ناکام
پہلا مقابلہ جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں پیش آیا، جہاں بھارتی پراکسی دہشت گردوں کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، فوجی جوانوں نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔ید فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔
دیر: دو مزید دہشت گردوں کا خاتمہ
دوسرا آپریشن ضلع دیر میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئ دو مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والے یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی کی مہم “عزم استحکام” کے تحت پورے ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے خاتمے تک پوری قوت سے جاری رہے گی۔
صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
دورہ سعودی عرب پر موجود وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری قوم کو مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آپریشن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں ملک سے دہشت گرد کے مکمل خاتمے تک پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی، اور حکومت و عوام سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
