اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کے روز امریکی ناظم الامور نیٹالی بیکر سے ملاقات کے دوران امید ظاہر کی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت کے دوران پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے میں امریکہ کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی نے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران امریکی کانگریس کے ارکان سے مثبت ملاقاتوں کا ذکر کیا۔ ان ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور عالمی برادری کو اس کے خلاف مل کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کئی دہائیوں سے بہترین تعلقات قائم رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران وزیر نے امریکی ناظم الامور کو اسلام آباد کے بہار فیسٹیول میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
