اسلام آباد: حالیہ گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق، بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستانی عوام کی اکثریت امن چاہتی ہے اور جنگ کو نقصان دہ قرار دیتے ہوئے اس سے بچنے کا مشورہ دیتی ہے۔ سروے میں 93 فیصد پاکستانیوں نے وطن کے دفاع کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔
سروے میں شامل 72 فیصد شرکاء نے بھارت سے کشیدگی کے باوجود امن کی حمایت کی اور جنگ سے بچنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دوسری جانب، 27 فیصد لوگوں نے جنگ کی حمایت کرتے ہوئے بھارتی حملے کا بھرپور جواب دینے کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں حملے کیے، جس میں 31 پاکستانی شہید اور 57 زخمی ہوئے۔ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کے پانچ طیارے تباہ کر دیے، جن میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
پاکستانی عوام کی جانب سے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلیاں نکالی گئیں۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے کہا گیا کہ معصوم شہریوں کے ناحق خون کا مکمل حساب لیا جائے گا اور پاکستان نے صرف دفاعی کارروائی کی، شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا۔
اس دوران، بھارتی جارحیت کے رد عمل میں پاکستان کی جانب سے بھرپور دفاعی کارروائیاں کی گئیں اور عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے۔ پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا کہ بھارت کو اپنی جارحیت کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
