اسلام آباد: چینی سفارت خانے نے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کے چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ روانہ ہونے کے حوالے سے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں پاک چین دوستی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے پیغام میں چینی سفارت خانے نے کہا کہ پاک چین دوستی زندہ باد، پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ جانے کے لیے تیار ہیں۔
چینی زبان سیکھنا سب سے بڑا چیلنج
سفارت خانے کے مطابق خلا باز محمد ذیشان علی کے لیے تربیت کا سب سے بڑا چیلنج سینٹری فیوج نہیں بلکہ چینی زبان سیکھنا تھا۔ روزمرہ کے جملوں سے لے کر پیشہ ورانہ ایرو اسپیس کمانڈز تک، چینی زبان سیکھنے کا یہ سفر پاک چین تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ محمد ذیشان علی کی شین ژو 24 مشن کی تیاری کے دوران کی کہانی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے۔
زمینی سرحدوں سے آگے خلا تک
چینی سفارت خانے نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاک چین دوستی اب زمینی سرحدوں سے آگے بڑھ کر خلا کی وسعتوں تک پہنچ گئی ہے۔
چینی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک خلا اور موسیقی کے ذریعے اپنی دوستی کا نیا باب رقم کر رہے ہیں۔
مشترکہ خواب، مشترکہ منزل
پیغام میں خلا بازوں کے مشترکہ تربیت سے لے کر خلا تک کے سفر کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اس میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے خلا باز ایک جیسے خواب دیکھتے ہیں اور ایک مشترکہ مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔
- پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی تیانگونگ اسٹیشن کے مشن کے لیے تیار
- تربیت کا سب سے بڑا چیلنج چینی زبان سیکھنا قرار
- شین ژو 24 مشن کی تیاری پاک چین دوستی کی گہرائی کا عکاس
- دونوں ممالک کے خلا باز مشترکہ خوابوں کے ساتھ ایک مقصد کی طرف گامزن
واضح رہے کہ چینی اور پاکستانی خلا بازوں نے اپنے مشترکہ خوابوں کو ایک گیت کا روپ بھی دیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور دوستی کی علامت ہے۔
