اسلام آباد: پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کی پہلی انسانی خلائی مہم کی کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے قومی فخر اور سائنسی و تکنیکی ترقی کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر عامر رضا نے اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی: پاکستان کے پہلے خلا باز
آئی ایس پی آر کے مطابق ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلا باز بن گئے ہیں اور وہ چین کے تیانگونگ اسپیس اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔
مسلح افواج نے پاکستان کے انسانی خلائی پرواز کے میدان میں قدم رکھنے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں، تکنیکی امکانات اور ہنرمند انسانی وسائل کا عکاس ہے۔
سپارکو کے سائنسدانوں اور انجینئروں کو خراج تحسین
مسلح افواج نے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) کے سائنسدانوں، انجینئروں اور تکنیکی ٹیموں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور اس مشن کو ممکن بنانے میں ان کی لگن، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
فوجی قیادت نے پاکستان کی تاریخی خلائی مہم کی کامیابی میں تعاون پر چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
پاک چین دوستی آسمان سے بھی بلند
آئی ایس پی آر نے دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہرا اور شہد سے میٹھا قرار دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی شراکت داری اب زمین کی حدود سے آگے بڑھ کر خلا تک پہنچ رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت ملک کے انسانی وسائل کی صلاحیت، سائنسی قابلیت اور تکنیکی استعداد کا مظہر ہے۔
مسلح افواج نے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی کامیابی نوجوان نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دے گی۔
انہوں نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو مشن کی کامیاب تکمیل اور زمین پر محفوظ واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
