کوئٹہ: خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
خیبر پختونخوا: بڑہ میں پانچ دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے بڑہ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران “فتنہ الہندستان” سے وابستہ پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
بلوچستان: چاغی میں دو دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں آپریشن ردالفِتنہ 3 کے تحت کارروائی کی گئی، جس میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگائی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد این-40 ہائی وے پر متعدد مقامات پر آتش زنی کے واقعات میں ملوث تھے۔
اگست میں بھی گیارہ دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریب کاری کی کوششوں میں ملوث گیارہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔
دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
