سیول: جنوبی کوریا کے وزیرِ تعلیم چوئی کیو-جن نے اتوار کے روز استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے ملک کے انتہائی اہم کالج داخلہ امتحان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے نقل روکنے کے لیے آخری لمحات میں کیے گئے اقدامات سے پیدا ہونے والی افراتفری کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر لی جے-میونگ نے ایک گھنٹے کے اندر استعفیٰ منظور کر لیا اور قومی امتحانات کے انتظام اور متعلقہ قوانین کا جامع جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔
اے آئی چیٹنگ کا انکشاف اور حکومتی ردِعمل
حکومت نے سخت پابندیاں عائد کرنے میں عجلت کا مظاہرہ کیا، کیونکہ قومی ٹیکس اکاؤنٹنٹ امتحان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے امیدوار نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے چھوٹے کیمرے، اسمارٹ فون اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے نقل کی تھی۔
گزشتہ ہفتے منعقدہ آٹھ گھنٹے طویل امتحان کے دوران حکام نے وائی فائی کی رسائی محدود کی، طلبہ کے چشموں اور کپڑوں کے بٹنوں میں چھپے آلات کی جانچ کی، اور چھپے ہوئے فونز کی نشاندہی کے لیے ملک گیر انتباہ جاری کیے۔
پانچ لاکھ سے زائد طلبہ کی شرکت
اس امتحان میں پانچ لاکھ پچاس ہزار سے زائد طلبہ نے اندراج کرایا تھا، جو ملک کی نامور یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیرِ تعلیم چوئی نے تسلیم کیا کہ ناکافی تیاری اور بار بار قواعد میں تبدیلی نے طلبہ اور حکام کو مشکلات سے دوچار کیا۔
وزیرِ تعلیم پر تنقید
انہیں اس بیان پر بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اپنی عمر کی وجہ سے وہ یہ نہیں سمجھتے کہ وہ اے آئی کی مدد سے ہونے والی نقل کی نشاندہی کر سکیں گے۔
گزشتہ ہفتے کے سخت حفاظتی اقدامات کے دوران درجنوں ممنوعہ موبائل فونز برآمد ہوئے، تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ سب نقل کے مقصد کے لیے استعمال کیے جانے والے تھے یا نہیں۔
