افغان طالبان شوری نے ملاعمر کی ہلاکت کی تصدیق کردی؛ ملا منصور نئے امیر منتخب

Mullah Omar

Mullah Omar

اسلام آباد (جیوڈیسک) افغان طالبان شوریٰ نے ملا عمر کی ہلاکت کی تصدیق کردی جب کہ ملا اختر محمد منصور کو نیا امیر اور سراج الدین حقانی کو نائب مقرر کر دیا گیا ہے۔

افغان طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ شوریٰ کا اجلاس گزشتہ شام منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملا عمرکی ہلاکت کے بعد ان کے نائب ملا اخترمحمد منصورکو نیا امیرمقرر کیا جائے گا جس کی توثیق شوریٰ ممبران نے متفقہ طورپر کی جب کہ حقانی گروپ کے سربراہ سراج الدین حقانی کو ان کا نائب مقررکردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے نے افغان انٹیلیجنس اور حکومتی ذرائع کے حوالے سے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ ملا عمر 2 سے 3 قبل ہلاک ہوچکے ہیں۔ ملا عمر2001 میں افغانستان پرامریکی حملے کے بعد سے روپوش تھے جن کے سرکی قیمت 10 ملین ڈالر رکھی گئی تھی۔