اللہ اور اس کے رسول کی محبت ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے : نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی محبت ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا تقاضا ہے کہ باہمی اختلافات بھول کر مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مشاورت سے نکالا جائے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے سرور دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا امتی ہونے کا شرف بخشا اور اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے اپنا پسندیدہ دین عطا فرمایا۔

ان کا کہنا ہے کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کی تکمیل کیلئے اعلیٰ و ارفع تعلیمات ہم تک پہنچائیں۔ سیرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم میں امت کیلئے مکمل ہدایت اور رہنمائی ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا کردار ، عمل اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔

سرور کونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت سسکتی مخلوق اور مرجھائے ہوئے باغ انسانیت کیلئے ابر بہار کی حیثیت رکھتی ہے ، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا تقاضا ہے کہ علاقائی ، مسلکی اور سیاسی اختلافات ختم کرنے اور مسائل کا حل افہام و تفہیم سے نکالا جائے۔

باہمی اتفاق ، اتحاد اور مشاورت میں ہی ہم سب کی بقاء ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائے اور ہمیں محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت نصیب فرمائے۔