اللہ کو منظور ہوا تو یہ ان کا آخری بجٹ ہوگا ، شیخ رشید

Sheikh Rashid

Sheikh Rashid

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اللہ کو منظور ہوا تو یہ نواز شریف کا آخری بجٹ ہوگا، راحیل شریف کا گلدستہ لندن جاتے نہیں دیکھا۔ ن لیگ سمیت سب پارٹیوں میں پھوٹ پڑی ہوئی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ حالیہ بجٹ جھوٹ اور مکاری کا بجٹ ہے، میں اسمبلی میں ثابت کروں گا کہ ان کے اہداف جعلی ہیں۔ اسحق ڈار تو اتنے ماہر ہیں کہ یہ آئی ایم ایف کو جعلی ڈاکومنٹ دکھا کر گولی دے دیتے ہیں،عوام جھوٹ کی حکومت برداشت کریں یا پھر سڑکوں پر آئیں ،اللہ نوازشریف کو صحت دے یہ واحد سیاستدان ہیں جنھوں نے صحت کے لیے دعائیں بھی اشتہاروں کے ذریعے لی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے آپریشن ابھی شروع ہی ہوا تھا اور کہہ دیا کہ آپریشن کامیاب ہوگیا ہے ۔اس قوم کو غلام بنانے کے سارے ہتھکنڈے استعمال ہورہے ہیںبیس کروڑ لوگوں کی غلامی کے لیے کوئی پہلو نہیں چھوڑا جارہا۔

کہتے ہیں کہ کسان بہت خوش ہے تو کسی کسان سے پوچھ لیں کہ وہ کتنا خوش ہے ۔جس طرح حکومت کسانوں کے ساتھ سلوک کر رہی ہے یہ جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے اللہ کو منظور ہوا تو یہ ان کا آخری بجٹ ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ ملک بڑے لوگوں کے لیے بنا ہے جو سول وار کی طرف جارہا ہے خانہ جنگی کے حالات بن رہے ہیں ۔ان سے حکومت نہیں چل رہی جس ملک کا چیف امریکی سفیر کو کہے کہ بہت ہوگیا تو اس کا مطلب ہے کہ اس ملک کی حکومت نہیں ہے۔یہ رنگے ہاتھو ں پکڑے گئے ہیں لیکن مان نہیں رہے ۔یہ تو ایان علی سے بھی خطرناک ہیں کیونکہ اس کو صرف پرس میں پیسے لے جانے کا پتہ تھا ان کو سارے طریقے پتہ ہیں۔یہ کیسے ممکن ہے کہ جرنیلوں کا احتساب ہو اور سیاستدانوں کا احتساب نہ ہو۔ان کا ایک بیٹا تو امریکا کا دورہ بھی کرکے آئے ہیں میں بیٹوں تک نہیں جاتا لیکن یہ حقیقت ہے کہ ایسا ہے۔جو ایک دفعہ بکتا ہے وہ سو دفعہ بکتا ہے ان کے ساتھ جو لوگ ہیں وہ مشرف دور میں بھی بکے تھے اب بھی بکیں گے۔

موجودہ حالات کے حوالے سے سیخ رشید نے کہا کہ حکومت کے لئے پانامہ لیکس کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے ۔اپوزیشن کوڈیڈ لاک سے کچھ نہیں ملے گا پاکستان کا بچہ بچہ سڑک پر نکلے گا تو بات بنے گی ۔ حکومت صرف وقت گذار رہی ہے یہ چاہتے ہیں کہ کوئی طالع آزما آجائے اور ہمیں نکال دے یہ چاہتے ہیں سپریم کورٹ ان کو نہ نکالے کوئی اور حادثہ چاہے ہوجائے ۔انھوں نے ٹی او آر صحیح نہیں کرنے انہوں نے کسی طرح بھی سپریم کورٹ میں نہیں جانا کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ یہ سپریم کورٹ میں گئے تو ڈی سیٹ ہوجائیں گے۔اب حل یہ ہی ہے کہ جتنے بھی لوگوں نے ملک کا پیسہ دوسرے ملکوں میں پہنچایا ہے ان کا ٹرائل ہونا چاہیے، ان کا تو سارا کچھ ملک سے باہر ہے ان کے ڈاکٹر بھی باہر ہیں اثاثے بھی باہر ہیں۔ان کا پاکستان میں کچھ نہیں ہے۔ ان کی پوری کوشش ہے کہ کوئی ان کو نکال دے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اب یہ سعودی عرب کی طرف نہیں دیکھتے اب یہ ترکی کی طرف دیکھتے ہیں انھوں نے جو کچھ لوٹ مار کرنی تھی کر چکے ہیں۔یہ تو کلبھوشن کے پکڑے جانے پر بیان نہیں دیتے ،ان کے دو چہرے ہیں ایک چہرہ گھر والوں کے لیے دوسرا عوام کے لیے ہے ایک چہرے سے بانٹتے ہیں اور دوسرے سے ڈانتے ہیں ۔ آصف زرداری کا تو پتہ نہیں لیکن بلاول کی حد تک کہہ سکتا ہوں کہ شائد حکومت کے خلاف کوئی تحریک چلائے۔ طاہر القادری کے آنے پر لاہور میں بہت زبردست استقبال کیا جائیگا وہ سترہ کو مال روڈ پر جلسہ کریں گے۔

اصل کیس طاہرالقادری کے پاس ہے جس میں غریبوں کو گولیاں ماری گئی ہیں۔ راحیل شریف اور ان کی ٹیم کی وجہ سے چین نے سی پیک کے منصوبے شروع کیے ہیں جب فوج نے چین سے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں تو پھر ہی وہ آمادہ ہوئے ورنہ یہ منصوبے آصف زرداری کے دور میں بھی تھے ۔ ہم چین کو ایک نیا راستہ دینے جارہے ہیں جس سے اس کا دس ہزار کلومیٹر کا فاصلہ چند گھنٹوں کا ہو جائے گا۔ امریکا اس معاہدے کی وجہ سے کوئی نہ کوئی پنگا ضرور لے گا۔