ناراض بلوچ قومی دھارے میں آ کر سیاست کریں، وزیراعلیٰ بلوچستان

Dr Abdul Malik Baloch

Dr Abdul Malik Baloch

کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے کا مسئلہ بات چیت سے حل کریں گے، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے جذبات کو دیکھ کرکوئی بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

ایوب اسٹیڈیم میں جشن آزادی کے سلسلے میں کھیلوں کے مقابلوں کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسکری قیادت نے پرامن بلوچستان پالیسی مرتب کردی ہے، صوبے کے مسئلے کو بات چیت سے حل کریں گے۔

انہوں نے ناراض بلوچوں سے اپیل کی کہ وہ قومی دھارے میں آکر سیاست کریں، اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کےعوام محب وطن اور ترقی پسند سوچ کے مالک ہیں، آج کا بلوچستان بدل چکا ہے۔

انہوں نے طلبہ کے بنائے ہوئے طویل قومی پرچم کی تعریف کی اورکہا کہ طلبہ نے یہ پرچم بناکر ملک اور دنیا کو بہترین پیغام دیا ہے، یہ قومی پرچم ہماری حرمت ہے، اس کے لیے جان بھی قربان ہے۔