کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ کا سربراہ ڈاکٹر اللہ نذر آپریشن میں مارا گیا، سرفراز بگٹی

Sarfraz Bugti

Sarfraz Bugti

کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کےمطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ کا سربراہ ڈاکٹر اللہ نذر آپریشن میں مارا گیا ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرداخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دالبندین میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا تھا جس میں غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ کا سربراہ ڈاکٹر اللہ نذر آپریشن میں مارا گیا ہے، کارروائی میں اس کے ساتھ اس کے ساتھی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کو گرفتار کیاگیا ہے، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے، کارروائی میں دہشت گردوں کے زیر استعمال میں بڑا مواصلاتی سینٹر بھی ناکارہ بنایا گیا ہے، یہ دہشت گرد افغان، بھارتی اور یورپی ممالک کی موبائل سمز استعمال کرتے تھے۔

مواصلاتی سینٹر کے ذریعے دہشت گردوں کے بھارتی،افغان انٹیلی جنس ایجنسیوں سے رابطے تھے، گرفتار دہشت گردوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔