چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید کی مشال ملک سے ملاقات

Ali Raza Syed and Mishal Malik Meeting

Ali Raza Syed and Mishal Malik Meeting

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیرکونسل یورپ (ای یو) علی رضاسیدنے گذشتہ روز حریت کانفرنس کے مرکزی رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ اورپیس اورکلچر آرگنائزیشن کی چیئر پرسن مشال ملک سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یورپ میں جاری مسئلہ کشمیر پر کوششوں اور مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ کشمیر کونسل ای یو کے سینئررہنما سردار صدیق بھی ملاقات میں موجود تھے۔

علی رضاسید نے مشال ملک کو یورپ میں مسئلہ کشمیرکے حوالے سے جاری کشمیرکونسل ای یو کی جدوجہد سے آگاہ کیا۔ علی رضاسید نے بتایاکہ حالیہ دنوں کشمیرکونسل ای یو نے یورپی ہیڈکوارٹربرسلزمیں کشمیرای یو ۔ویک یا ’’یورپ میں ہفتہ کشمیر‘‘ کا انعقاد کیا جس میں بین الاقوامی کانفرنس، متعددسیمینارز، مباحثے، ورکشاپس ، کشمیرپردستاویزی فلم اور عکاسی اور دست کاری کی اشیاء کی نمائش شامل تھی ۔ان سالانہ تقریبات کے مہمان خصوصی وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدر خان تھے۔

ان تقریبات میں اراکین یورپی پارلیمنٹ اوریورپی حکام کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیرکے علاوہ شمالی امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے بھی مندوبین شریک ہوئے۔ انھوں نے بتایاکہ اس کے علاوہ کشمیرکونسل ای یو کی طرف سے دیگر مواقع پر بھی مسئلہ کشمیرپر تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام وقتاًفوقتاً یورپ کے قانون ساز، تحقیقی اورعلمی اداروں میں اجلاسوں، کانفرنسوں ، مباحثوں اورسیمیناروں کا انعقادکیاجاتاہے ۔ مختلف یورپی ممالک میں کونسل کی طرف سے کشمیرپر ایک ملین دستخطی مہم بھی جاری ہے۔ ان پروگراموں اورتقریبات کی وجہ سے یورپ کی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے نمایاں طورپر آگاہی پیداہوگئی ہے۔

مشال ملک نے کشمیرکونسل ای یو کی کاوشوں کو سراہااورکہاکہ یورپی یونین دنیا کا ایک اہم بلاک ہے اور اس کی اہمیت کے پیش نظر وہاں مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ملاقات کے دوران علی رضاسید نے مشال ملک سے ان کے شوہریاسین ملک کی خیریت بھی دریافت کی جنہیں حالیہ دنوں ایک بار پھرمقبوضہ کشمیرمیں گرفتارکیاگیاہے۔