ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

Pakistan Day

Pakistan Day

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں 76 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے جب کہ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں صبح کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

یوم پاكستان پرملک میں عام تعطیل كا اعلان كیا گیا ہے، دن كا آغاز وفاقی دارالحكومت اسلام آباد میں 31 جب كہ صوبائی دارالحكومتوں لاہور، كراچی ، پشاور اور كوئٹہ میں 21 ،21 توپوں كی سلامی سے ہوا جب کہ دن کے آغاز پر وطن عزیز کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یوم پاکستان پر تمام سركاری ونجی عمارات پر قومی پرچم لہرائے جارہے ہیں، اسلام آباد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات كا انعقاد كیا جائے گا، ملك بھر میں سركاری اور نجی اداروں كی طرف سے سیمینار، ریلیاں اور تقریبات منعقد كی جائیں گی۔

كراچی میں بانی پاكستان قائداعظم محمد علی جناح جب كہ لاہور میں شاعر مشرق اور مفكر پاكستان ڈاكٹر علامہ محمد اقبال كے مزاروں پر گارڈز كی تبدیلی كی تقریبات منعقد ہوں گی۔

یوم پاكستان كے موقع پر اسلام آباد میں مسلح افواج كی پریڈ كا انعقاد كیا گیا ہے جس میں تاریخ میں پہلی مرتبہ پاكستان كی تینوں مسلح افواج كے ساتھ ساتھ چین، تركی اور سعودی عرب كے فوجی دستے بھی پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شكرپڑیاں كے گراؤنڈ میں ہونے والی شاندار پریڈ میں بری، بحری اور فضائی افواج كے ساتھ ساتھ ایف سی كے جوان بھی حصہ لیں گے، ایس ایس جی كمانڈوز، لائٹ انفنٹری، كمانڈو بٹالین بھی پریڈ میں شامل ہیں۔

آرمی ایوی ایشن كے مختلف ہیلی كاپٹرز بھی پریڈ میں شریك ہوں گے جب کہ پاك فضائیہ كی طرف سے جے ایف 17، ایف 16، میراج اور ایف سیون جیسے لڑاكا طیارے فلائی پاسٹ كا مظاہرہ كریں گے، بیلسٹك اور كروز میزائل كی مكمل رینج بھی پریڈ كا حصہ ہو گی، پاكستان میں بنائے جانے والے جدید ہتھیاروں كی نمائش بھی كی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریڈ کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے تحت جڑواں شہروں میں صبح 5 بجے سے دن 3 بجے تك موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

پریڈ گراؤنڈ كی سیكیورٹی پاك فوج كی ٹرپل ون بر گیڈ كے حوالے ہو گی، پریڈ گراؤنڈ كے چاروں اطراف ملٹری پولیس كی چوكیاں قائم كی گئی ہیں۔ پریڈ میں اعلیٰ حكومتی، عسكری شخصیات بھی شریك ہیں۔