فیصلے جلسوں میں نہیں عدالتوں میں ہوں گے

Imran Khan

Imran Khan

تحریر : بیگم صفیہ اسحاق
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قصور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ہفتے میں بڑے انکشافات ہونگے، حکومت کی کشتی ڈوبنے والی ہے، انکے اتحادیوں کو پتہ چل گیا اسلئے وہ اس کشتی سے چھلانگ لگا رہے ہیں۔ عمران کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن جیت کر حکومت بنائیں گے۔ عمران نے کہا کہ نوازشریف کرپشن کے بادشاہ ہیں اور کرپشن کے کینسر کو ختم کئے بغیر ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔ پاکستان کے بے حس حکمرانوں کو ہسپتالوں کی حالت کی خبر نہیں، قصور کی زہرہ بی بی کو لاہور کے دو ہسپتالوں میں جگہ نہیں ملی اور تیسرے ہسپتال میں بھی جگہ نہ ملنے کی وجہ سے فرش پر لیٹ کر مر گئی جبکہ حکمران چیک اپ کروانے کیلئے لندن جاتے ہیں، (ن) لیگ نے پنجاب میں 30 سال میں 6 بار حکومت کی 12 سال اقتدار کے بعد شریف خاندان کی 30 فیکٹریاں تھی جبکہ اقتدار سے پہلے ان کے پاس ایک فیکٹری تھی ملک کا پیسہ منی لانڈنگ کے ذریعے ملک سے باہر بھیجا گیا۔ نوازشریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا اور کہتے ہیں کہ باہر کے ممالک میں وزیراعظم کو جھوٹ بولنے پر استثنٰی حاصل ہے اور مجھے بھی دیا جائے، حکومت کی جانب سے 12 ارب روپے اشتہارات پر خرچ کیے گئے جبکہ 15 ارب روپے بلوچستان کا بجٹ ہے، پہلی بار سپریم کورٹ میں وزیراعظم کی تلاشی لی جارہی ہے۔ اگر قطری خط جھوٹ نکلا، 1993ء میں فلیٹس کی ملکیت اور بی بی سی نے جو کہا وہ بھی سچ نکلا تو وزیراعظم کی چھٹی ہوجائیگی، سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہو گا اس میں پاکستان کا فائدہ ہوگا۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان چور مچائے شور کی زندہ مثال ہیں، خان صاحب نواز شریف وزیر اعظم بنتے رہیںگے اور آپ ان کی حکومت کے سال گنتے رہیں گے کیونکہ یہ نصیب نصیب کی بات ہے، عمران نے خیبر پی کے میں اگر کچھ کیا ہوتا تو اشتہارات چلاتے،خان صاحب جلد طویل چھٹی پر رخصت پر جانے والے ہیں، عدالت کے باہر عدالت لگانے والے عدالت عظمیٰ میں ثبوت پیش کیوں نہیں کرتے؟ عمران آپ کے قول و فعل میں تضاد ہے اور آپ نواز شریف فوبیا میں مبتلا ہیں، عمران خان قوم کو بتائیں الیکشن کمشن میں بیرونی فنڈنگ کیس میں استثنیٰ کیوں مانگا؟۔ عمران خان سیاسی خفت مٹانے کے لئے جلسوں کا سہارا لیتے ہیں۔ وزیر اعظم کا استعفیٰ تحریک انصاف کا خواب ہے ، نواز شریف اور عمران خان کی کوئی برابری نہیں۔ اگر عمران خان کے پاس ثبوت ہیں تو انہیں جلسے کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ عمران اپنی گرتی ہوئی مقبولیت گرتی ہوئی زبان سے نہیں سنبھال سکتے۔ عمران خان کا جلسہ اور لہجہ طوفان بدتمیزی کے سوا کچھ نہیں۔ یہ عدالت میں ہارنے والے ہیں۔وزیراعلیٰ شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چودھری احمد سعید کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی معاملات پربات چیت ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہی ہمارا مشن ہے اور گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیاگیا ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہوچکا ہے۔ رواں برس توانائی کے کئی منصوبے مکمل ہو ں گے اور ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جس سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے مخالف عناصر کے دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں تاخیر ہوئی جبکہ ماضی کی حکومت نے توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی توجہ نہیں دی اور اپنی نااہلی، کرپشن اور غفلت کی بنا پر قوم کو اندھیروں میں رہنے دیا، اگرسابق حکمران بجلی بحران کے مسئلے سے نمٹنے پر توجہ دیتے توملک اندھیروں میں نہ ڈوبا ہوتا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور کوئی دشمن بھی حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

PML N

PML N

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا۔ شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی صورتحال اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی بے لوث خدمت ہے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی اورخدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں بلدیاتی حکومتوں کو مزید بااختیار بنانے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ بلدیاتی نظام نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کیلئے انتہائی اہم ہے اورپنجاب میں بلدیاتی حکومتیں فعال ہو چکی ہیں۔ دانیال عزیز سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور اسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے۔ میٹروبس سسٹم اور اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے وسائل عوام پر صرف کرنے کی اعلیٰ مثالیں ہیں۔ مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالوں کو غریب عوام کی محرومیوں کا خاتمہ برداشت نہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کے مخالفین نہیں چاہتے کہ عوام خوشحال ہوںاور ملک ترقی کرے۔ سابق حکمرانوں نے عوام کو مسائل سے نکالنے کی بجائے لوٹ مار اورکرپشن کی وجہ سے ان کے مسائل میں اضافہ کیا۔ مٹھی بھر عناصر عام آدمی کی ترقی کی مخالفت کرتے رہیں، ہم عوامی خدمت کا بے لوث سفر جاری رکھیں گے۔

دھرنوں اور لاک ڈاون کے ذریعے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کی سازشیں پہلے بھی ناکام رہیں، آئندہ بھی ناکام رہیں گی۔ عوام نے شکست خوردہ عناصر کو ہر موقع پر رد کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہناہے کہ لوٹ مار کے ریکارڈ بنانے والی پارٹی آج کرپشن کیخلاف مہم چلا رہی ہے، مجھے مخالفین کی تقریروں سے فرق نہیں پڑتا مگر انکی غلط بیانی اور جھوٹ پر افسوس ہوتا ہے، پوری سیاسی زندگی میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے مجھے یا علاقے والوں کو شرمندگی ہو، پرویز مشرف مجھے اسمبلی میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے مگر عوام نے مجھے بار بار منتخب کیا اور مجھے یہ احسان تازندگی یاد رہے گا۔سب کے سامنے ہے مسلم لیگ (ن) کے دور میں ترقی کا نیا باب شروع ہوا لیکن چور پھر بھی شور مچا رہے ہیں۔ چونترہ والو آپ کو فخر کرنا چاہیے کہ یہاں کے منتخب ارکان کو کوئی کرپٹ، نااہل اور جاہل کا الزام نہیں دیتا۔ بھارتی وزیر داخلہ اسلام آباد آئے تو اسے دلائل سے بھگا دیا۔جب بھی پاکستان اور اسلام کے خلاف آواز اٹھتی ہے اس کے خلاف سب سے بلند آواز چودھری نثار کی ہوتی ہے۔

مخالفین پگڑیاں اچھال رہے ہیں لیکن مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وہ وقت گیا جب ہر داڑھی والے اور باحجاب خاتون کو دہشت گرد سمجھا جائے۔ مغرب کو اسلام مخالف پالیسی سے باہر نکلنا ہو گا۔ سیاست عمل اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جاتی ہے لفاظی اور الزام تراشی سے نہیں، میرے مخالفین کے پاس الزامات اور بہتان تراشی کے علاوہ کچھ نہیں، جنہوں نے ہوا کے ہر جھونکے کے ساتھ اپنی سیاسی پارٹیاں اور وفادریاں بدلیں میں انکو سیاستدان نہیں سیاسی سوداگر اور مفاد پرست سمجھتا ہوں۔وہی ملک ترقی کرتے ہیں جن کے فیصلے چوک اور چوراہوں میں نہیں بلکہ عدالتوں میں ہوتے ہیں اور جن کے اداروں پر قوم اعتماد کرتی ہے۔ وزیر داخلہ کی تقریب میں موجودگی کے دوران میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے چیئرمین راجہ اورنگ زیب نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

Begum Safia Ishaq

Begum Safia Ishaq

تحریر : بیگم صفیہ اسحاق