ڈیموکریٹک فورسز نے الطبقہ ہوائی اڈے داعش سے چھین لیا

Democratic Forces

Democratic Forces

الرقہ (جیوڈیسک) شام میں امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے شدت پسند گروپ ’داعش‘ کے گڑھ شمار کئے جانے والے شہر الرقہ میں اہم پیش قدمی کرتے ہوئے الطبقہ ملٹری ہوائی اڈا داعش سے چھین لیا ہے۔

ڈیموکریٹک فورسز کے ترجمان طلال سلو نے بتایا کہ امریکی حمایت یافتہ عرب اور کرد جنگجوؤں نے الرقہ شہر میں داعش کے زیرقبضہ الطبقہ ملٹری ہوائی اڈے کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

داعشی جنگجو یہاں سے فرار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگجو ہوائی اڈے پر داعشی دہشت گردوں کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو تلف کرنے کا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ شامی ڈیموکریٹک فورسز نے گذشتہ برس نومبر میں ’الرقہ‘ شہر کو داعش سے آزاد کرانے کے لیے’غضب الفرات‘ نامی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔

الطبقہ ہوائی اڈا الرقہ کا اہم فوجی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ یہاں سے الرقہ میں داعش کا مرکز پچاس کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔

طلال سلو نے بتایا کہ الطبقہ ہوائی اڈے کا کنٹرول حاصل کرنےکے لیے ڈیموکریٹک فورسز کی داعش کے خلاف گھمسان کی لڑائی ہوئی ہے۔

درایں اثناء شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے ’آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ کا کہنا ہے کہ الطبقہ ہوائی اڈے پر قبضے کے لیے ڈیموکریٹک فورسز کو امریکا اور اس کے اتحادیوں کی فضائی معاونت بھی حاصل تھی۔