دیامر بھاشا ڈیم پر کام 2017 کے آخر تک شروع کرنے کا حکم

Diamir Bhasha Dam

Diamir Bhasha Dam

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے مالیاتی حکمت عملی کی اصولی منظوری دیتے ہوئے منصوبے پر کام 2017 کے آخر تک شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔ منصوبہ مکمل طور پر ملکی وسائل سے تعمیر کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نواز شریف کو سیکرٹری پانی و بجلی نے دیامر بھاشا ڈیم کی مالیاتی حکمت عملی سے متعلق سمری پیش کی، دیامر بھاشا ڈیم مکمل طور پر ملکی وسائل سے تعمیر کیا جائے گا ، سمری کے مطابق ڈیم کی تعمیر کیلئے پی ایس ڈی پی فنڈ اور واپڈا وسائل سے رقم رکھی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر واپڈا کے پہلے کے منصوبوں کی لیز بھی کی جائے گی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کی مالیاتی حکمت عملی کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ڈیم کی تعمیر کا عمل 2017 کے آخر تک شروع ہو جانا چاہیے۔

وزیر اعظم نے پانی و بجلی ، منصوبہ بندی و خزانہ کے سیکرٹریز کو مالیاتی سفارشات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے اراضی حاصل کرنے پر وزارت اور گلگت بلتستان انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ۔ مشترکہ مفادات کونسل نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کی منظوری دو ہزار نو میں دی تھی ۔ منصوبہ سے 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی ۔ منصوبے کی تکمیل سے آبی ذخائر میں اضافہ اور ملک کی پانی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی ۔ دیامر بھاشا ڈیم سے 4500 میگا واٹ سستی بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی۔