بڑے بجلی ڈیفالٹرز سے 104 ارب روپے بقایا جات نیب وصول کرے گا

NAB

NAB

اسلام آباد (جیوڈیسک) چارلاکھ 42 ہزار سے زائد بجلی ڈیفالٹر ز سے 104 ارب روپے سے بقایا جات کی وصولی نیب کرے گا، وزارت پانی وبجلی نے تفصیلات حوالے کردیں۔ مجموعی طور سرکاری ونجی ادارے 657ارب روپے کے نادہندہ ہیں۔

چارلاکھ 42 ہزارڈیفالٹرز کےذمہ 104 ارب روپے بقایا ہیں۔ ان سے رقم وصول کرکےدیں۔ وزارت پانی وبجلی نے نیب سے رابطہ کرلیا، ڈیفالٹرز کی تفصیلات بھی فراہم کردیں۔ یہ سب بتایا گیاقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پانی وبجلی کےاجلاس میں۔

ارشد خان لغاری کی زیر صدارت اجلاس کو بتایاگیاکہ 31جنوری تک نجی شعبے سمیت مختلف وفاقی، صوبائی اورنجی ادارے پاور سیکٹر کے 657ارب روپے کے نادہندہ ہیں۔

قائد حزب اختلاف سید خورشید کے کمیٹی کو بھجوائے گئے ایک سوال پر وزارت پانی وبجلی کےحکام نے بتایا کہ کسی بھی بجلی تقسیم کار کمپنی یاصوبے میں کم یا زیادہ لوڈ شیڈنگ نقصانات کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ انتہائی نقصانات پر 18گھنٹے تک بھی لوڈشیڈنگ ہوتی ہےاور کم سے کم نقصانات پرلوڈشیڈنگ دوگھنٹے تک ہوتی ہے۔