ہر بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، عسکری قیادت کا عزم

Corps Commanders Conference

Corps Commanders Conference

راولپنڈی (جیوڈیسک) عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور ہر بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عسکری قیادت نے پیشہ ورانہ امور، اندرونی وبیرونی سلامتی کی صورتحال بشمول دہشت گردوں کے خلاف جاری اور مستقبل میں کیے جانے والے فوجی آپریشنز پر تفصیلی تبادلہ خیال كیا۔

ذرائع نے بتایا کہ کانفرنس کے شرکا نے گزشتہ 2 ماہ کے دوران بھارت کے ساتھ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر پائی جانے والی کشیدگی پر بھی غور کیا جب کہ عسکری قیادت نے اس عزم کو دہرایا کہ كسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

اجلاس میں شریک کمانڈرز نے افغانستان کی صورتحال اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز بلخصوص ’’ضرب عضب‘‘ میں ہونے والی پیش رفت پر بھی غوروغوص کیا۔ ذرائع کے مطابق جنرل راحیل شریف نے فوجی آپریشنز میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے گا اور پاک سرزمین کو شدت پسندوں سے مکمل طور پر ’’پاک‘‘ کرایا جائے گا۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے یا گرفتاری تک شدت پسندوں کے خلاف جنگ اور کاروائیاں جاری رہیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ كانفرنس کے دوران ڈائریكٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامر ریاض نے شرکاء کو افغان حکام کے ساتھ سیكورٹی معاملات پر ہونے والی حالیہ بات چیت کے بارے میں بھی آگاہ كیا۔