حکومت کے مشکل فیصلوں سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، چوہدری نثار

Nisar Ali Khan

Nisar Ali Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا ہے کہ حکومت کے مشکل فیصلوں اور بہترین لائحہ عمل سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

اسلام آباد میں 23 ممالک کے اعلیٰ فوجی اور سول افسران سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بہت سے مشکل فیصلے کیے جو مثبت اور نتیجہ خیز ثابت ہوئے جب کہ بہترین لائحہ کے بدولت ہی امن کا قیام ممکن ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے اداروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے جب کہ امن وامان قائم کرنے کے لیے جو منصوبے تیار کیے گئے ان پر عملدر آمد کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کی بھی ذمہ داری ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے لیے درست اقدامات کے ساتھ ساتھ نگرانی بھی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو متاثر کر رکھا ہے جس کے خاتمے کے لیے مثبت اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے اور ہر شخص اور ادارے کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کردار ادا کرنا ہو گا۔