حکومت نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے نیا حکم نامہ جاری کردیا

No Exit

No Exit

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے دہشت گردی، ریاست کیخلاف سازش، کرپشن ،ٹیکس چوری، انسانی اسمگلنگ، منشیات کی اسمگلنگ سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کیلیے نیا پرفارما جاری کر دیا۔

’’دستاویز کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے تمام وزارتوں، ڈویژنوں اورتمام متعلقہ اداروں کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ کیلیے نام بھجوانے کیلیے متعارف کرائے جانے والے نئے پرفارما سمیت دیگر دستاویزات بھجوائی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ کم ازکم پانچ کروڑ روپے مالیت تک کے کیسوں میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ کیلیے نام بھجوائے جاسکتے ہیں۔

وزارتوں اور ڈویژنوں کو بھجوائی جانے والی دستاویزات میں کہا گیاکہ کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کے جرائم میں وہ کیس ای سی ایل کیلیے بھجوائے جائیں جن میں قومی خزانے کو یا پراپرٹی کوکم ازکم 5 کروڑ روپے یا اس سے زائد مالیت کا نقصان پہنچایا گیا ہو۔ اسی طرح ایسے معاشی جرائم جن میں سرکاری فنڈز،ادارہ جاتی فراڈ، ٹیکس چوری و ٹیکس فراڈ ، قرضوں کی نادہندگی کے لئے مجاز اتھارٹی کو یہ سرٹیفکیٹ بھی ساتھ دینا ہوگا کہ کیس میں فراڈ کی رقم دس کروڑ روپے یااس سے زیادہ ہے۔

نئے پرفارما میں ملزم کا نام ،ولدیت ،قومی شناختی کارڈ نمبر ،پاسپورٹ نمبر، شناختی علامت ،رہائشی و پوسٹل اڈریس، موبائل فون نمبر،ای میل، اصل فوٹوگراف بھجوانا ہوگا،ای سی ایل میں نام شامل کرنے کی وجوہات بھی درج کرنا ہوں گی۔ ملزم کے خلاف الزامات اور جرائم کی تفصیلات درج، ایف آئی آرکی کاپی فراہم کرنا ہوگی۔ پرفارما پرکرکے ای سی ایل کیلیے قائم جائزہ کمیٹی کو بھجوایا جائے گا اور جائزہ کمیٹی ان کا تفصیلی جائزہ لے کر ای سی ایل میں نام شامل کرنے کی منظوری دے گی۔