حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ کر دیا

Petrol Price

Petrol Price

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ آئندہ 15 روز کے لیے پٹرول ایک روپیہ 77 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا

وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں ردبدل کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوگرا کی سفارش کے مطابق پٹرول کی قیمت ایک روپے 77 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

وزات پٹرولیم و قدرتی وسائل اور اوگرا نے 16 جنوری سے 31 جنوری تک پٹرول کی قمیت میں ایک روپے 77 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.94 روپے، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بالترتیب 10.11 اور 14.31 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی لیکن وزیراعظم کی ہدایت پر صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت پہنچانے کے لیے لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا کیونکہ ملک کی بڑی آبادی کا حصہ ان کو استعمال کرتاہے، حکومت لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل پر سیلزٹیکس نہیں لے رہی۔