گوانتانامو کی جیل میں 15 سال سے قید 2 یمنی باشندے رہا

Guantanamo Jail Prisoner

Guantanamo Jail Prisoner

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے گوانتانامو کی بدنام زمانہ جیل میں گزشتہ 15 برسوں سے قید 2 یمنی باشندوں کو رہا کرکے انہیں افریقی ملک گھانا منتقل کردیا ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکی حکومت نے گوانتانامو کی جیل میں قید خالد الدھبی اورمحمد عمر بن عاطف کی رہائی کی منظوری بالترتیب 2006 اور 2009 میں دی تھی تاہم ان کی رہائی اب عمل میں آئی ہے۔

1979 میں سعودی عرب میں پیدا ہونے والے محمد عمربن عاطف کو2001 میں افغانستان میں شمالی اتحاد کے فوجیوں نے پکڑکرامریکہ کے حوالے کیا تھا۔ 1981 میں سعودی عرب میں ہی پیدا ہونے والے خالد الدھبی بھی اسی دوران افغانستان ے پکڑے گئے تھے۔

گھانا کے وزیرِ خارجہ ہانا تیتیہ نے کہا ہے کہ حکومت نے سکیورٹی کلیئرنس کی صورت میں انھیں دو برس تک ملک میں رہنے کی اجازت دی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر براک اوباما چاہتے ہیں کہ کیوبا کے جزیرے پرقائم یہ جیل ان کے دورِ صدارت میں بند ہو جائے تاہم اس وقت بھی گوانتانامو کے قید خانے میں 105 قیدی موجود ہیں جن میں سے تقریباً 50 کی رہائی کی منظوری دی جا چکی ہے۔