حریت راہنمائوں کیخلاف کریک ڈائون ،آسیہ اندرابی کے گھر چھاپہ

 Aasiya Andrabi

Aasiya Andrabi

سری نگر (جیوڈیسک) سری نگر میں کشمیری راہنمائوں کے خلاف کریک ڈائون میں مزید شدت آگئی ہے ،یاسین ملک کی گرفتاری ،میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو نظر بند کرنے کے بعد حریت راہنما آسیہ اندرابی کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپا مارا ہے اور گھر میں موجود اہل خانہ کے ساتھ بد سلوکی کی ہے۔

آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم پاکستان سے محبت کو ختم نہیں کرسکتے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق کشمیری حریت راہنمائوں کے خلاف نیاکریک ڈائون پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سےملاقات کی دعوت کے بعد کیا جا رہا ہے ،کارروائی کا مقصد بھارت میں ہونے والی پاک بھارت سلامتی مشیروں کی ملاقات کے موقع پر کشمیری رہنماؤں کی سرتاج عزیز سے ملاقات کو روکنا بھی ہے۔

میڈیا کے مطابق حریت رہنماؤں کے خلاف بھارتی سیکیورٹی اداروں نے کریک ڈاؤن کیا ،نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے بھارت میں 23 اور 24 اگست کو ہونے والے پاک بھارت مذاکرات میں کشمیری رہنماؤں کومدعو کیا گیا ہے،دوسری جانب بھارتی حکومت نے کشمیری رہنماؤں کو سرتاج عزیز سے ملاقات نہ کرنے کی وارننگ دی ہے۔