بھارت اور پاکستان مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے حل کر سکتے ہیں: نواز شریف

 Nawaz Sharif Meeting

Nawaz Sharif Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور بھارت کے تنازعات خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کیلئے صدر ٹرمپ کی آمادگی کا خیر مقدم کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ایچ آر میک ماسٹر سے ملاقات میں کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لئے پائیدارمذاکرات اور بامقصد روابط ہی آگے بڑھنے کاواحد راستہ ہیں۔

نواز شریف نے پرامن ہمسائیگی کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان اوربھارت سے تعلقات بہتر بنانے کے لئے پاکستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

وزیراعظم نے امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر کو بتایاکہ پاکستان افغانستان کے مسئلے کے حل کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فرو غ کے لئے امریکہ کے ساتھ پائیدار اورباہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کا خواہشمند ہے۔

جنرل مک ماسٹر نے وزیراعظم کو صدر ٹرمپ کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ نئی امریکی انتظامیہ نے افغانستان اور جنوبی ایشیائی خطے میں امن و استحکام کے ہدف کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔