عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لے، چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یوکے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لے۔اپنے ایک بیان میں مقبوضہ وادی میں تین نہتے مظاہرین کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہاکہ وادی کی صورتحال مسلسل گھمبیرہوتی جارہی ہے اور قابض حکام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ کشمیرکے ضلع بڈگام کے علاقے چادورا میں ایک پرامن مظاہرے پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے تین مظاہرین زاہدرشید، ثاقب احمد اور اشفاق احمد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔علی رضاسید نے کہاکہ ماورائے عدالت قتل عام خاص طورپر مظاہرین پر حملے قابل مذمت ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاسنجیدگی سے نوٹس لے۔انھوں نے کہاکہ بڑاافسوس ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑی شدت سے جاری ہیں لیکن دنیامیں بھارت کو کوئی روکنے والانہیں۔مقبوضہ وادی میں قتل عام، جنسی تجاوز، جبری گم شدگی، تشدد، لوگوں پرفورسزکی فائرنگ، اظہاررائے پر قدغن اور پرامن احتجاج پر فورسز کے حملے روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے ان واقعات کو ایک بھیانک کاروائی اورانسان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انھوں نے کہاکہ یہ ہتھکنڈے جموں و کشمیرکے عوام کو ان کے حق خودارادیت کے مطالبے سے نہیں روک سکتے۔ انھوں نے کشمیرکے تنازعے کے منصفانہ حل پر زوردیااور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ علی رضاسید نے جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کی گرفتاری کی بھی مذمت کی اور کہاکہ انہیں بلاتاخیر رہا کیا جائے۔

کشمیر کونسل ای یو کی سرگرمیوں کے بارے میں علی رضاسید نے کہاکہ ہم عالمی برادری خصوصاً یورپین کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کو آگاہ کرتے رہیں گے۔ ہمارا فرض ہے کہ دنیاکے سامنے بھارت کا اصل بھیانک چہرہ بے نقاب کریں۔