ایران نے بحرین کو مسلح تصادم کی دھمکی دے دی

Sheikh Issa Qasim

Sheikh Issa Qasim

تہران (جیوڈیسک) ایران نے بحرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشہور عالم شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کی وجہ سے وہاں مسلح مزاحمت شروع ہو سکتی ہے، امریکا نے بھی شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایران کے پاسدرانِ انقلاب کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے بحرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت کی منسوخی نے خطے میں آگ بھڑکا دی ہے۔

جنرل قاسم سلیمانی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بحرین میں مسلح مزاحمت شروع ہو سکتی ہے ۔ امریکی محکمۂ خارجہ نے بھی شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت کی منسوخی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بحرین نے ایک روز پہلے ملک میں فرقہ واریت اور تشدد کو ہوا دینے کے الزام میں شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کی تھی جس کے خلاف شہریوں نے مظاہرے بھی کیے ہیں۔ شیخ عیسیٰ قاسم بحرین میں شہری اور سیاسی حقوق کی حمایت کرتے رہے ہیں۔