عراقی وزیراعظم کا بدعنوانی کے خاتمے، اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کا اعلان

Haider al-Abadi

Haider al-Abadi

بغداد (جیوڈیسک) عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے اصلاحات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حیدر العبادی کا یہ فیصلہ حالیہ دنوں ملک بھر میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سامنے آیا ہے۔

عراقی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سیاسی تقرریاں فرقہ وارانہ یا پارٹی کوٹہ کی بنیاد پر نہیں کیا جانی چاہیے اور اس کے ساتھ انہوں نے نائب صدر اور نائب وزیرِاعظم کے عہدے بھی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم ان کی جانب سے اعلان کردہ اصلاحات پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد ہی قانون کی شکل اختیار کریں گی۔

خیال رہے رواں سال ملک میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی قلت کے باعث ملک بھر میں وزیرِاعظم حیدر العبادی کی حکومت کے خلاف عوام نے مظاہرے کیے تھے۔

جمعے کو عراق کے بااثر شیعہ عالم آیت اللہ علی سیستانی نے بھی ملک کے وزیراعظم پر زور دیا تھا کہ بدعنوانی سے سختی سے نمٹا جائے اور تقرریاں سیاسی وابستگی اور فرقہ وارانہ بنیادوں کے بجائے میرٹ پر کی جائیں۔