جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل کا اہم اجلاس

Jklf Meeting

Jklf Meeting

راولپنڈی (یاسر رفیق) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل کا اہم اجلاس۔ تنظیم و تحریک کے متعلق اہم فیصلے۔ شہید اشفاق مجید وانی، شہید شبیر صدیقی، شہید جلیل اندرابی، ڈاکٹر عبدلاحد گورو اور شہدائے حضرت بل کو زبردست خراجِ تحسین۔ لبریشن فرنٹ کا سفارتی محاذ اپنی سرگرمیاں تیز کرے۔ تمام بااثر ممالک کے سفارت خانوں اور حکومتوں سے موثر رابطے کر کے ریاست کے عوام کے حقِ آزادی کی حمایت حاصل کی جائے۔ریاست کے تینوں منقسم حصوں اور بیرونِ ممالک موجود تنظیمیں اپنی سرگرمیاں تیز کریں اور نظم و ضبط کو یقینی بناتے ہوئے تنظیمی پالیسی کے مطابق اور قیادت کی ہدایات کی روشنی میں آگے بڑھیں۔

تنظیمی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر صداقت مغل (ہانگ کانگ) اور کامران کشمیری( سعودی عرب) کی رکنیت تا حیات ختم۔ عالمی برادری بھارت و پاکستان کی حکومتوں کو کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے ہونگے۔امان اللہ خان کی صدارت میں سپریم کونسل کے اجلاس میں متفقہ فیصلے۔

تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل کے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان زون میں موجود ممبران کا اہم اجلاس سنٹرل انفارمیشن آفس راولپنڈی میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان نے کی۔اجلاس میں سینئر وائس چئیرمین عبدالحمید بٹ، وائس چئرمین عبدالشکور عابد گلگتی، وائس چئیرمین سلیم ہارون، وائس چئیرمین خواجہ سیف الدین، مرکزی سیکریٹری اطلاعات و ترجمان رفیق ڈار، مرکزی سیکریٹری فنانس خواجہ منظور چشتی، زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، ممبران سپریم کونسل سردار انور خان، سردار رشید، سردار عبد الرحمن،منظور احمد خان نے شرکت کی جبکہ شعبہ خواتین کی سربراہ طاہرہ توقیر اور لبریشن فرنٹ گلگت بلتستان کے جنرل سیکریٹری مقبول احمد نے بحثیت مبصر شرکت کی۔اجلاس میں تنظیم و تحریک کی موجودہ صورت حال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلاً بحث و تمحیث کی گئی اور اہم امور پر متفقہ فیصلے کیے گئے۔

اجلاس نے طے کیا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے تنظیمی لٹریچر اور امان اللہ خان کے مختلف کتابچوں کو بڑی تعداد میں ازسرِ نو چھپوا کر تمام زونز تک پہنچایا جائے گا۔اجلاس میں لبریشن فرنٹ کے سفارتی محاذ کو مزید منظم اور سرگرم بنانے کیلئے امان اللہ خان کے خطوط اومضامین کو دنیا بھر کے سفارت خانوں اور حکومتوں تک پہنچانے اور ریاست جموں کشمیر کی قومی آزادی کی تحریک کی حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں تیزی لانے کیلئے مختلف اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں منقسم ریاست کی تمام اکائیوں میں تنظیم سازی اور تنظیمی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے مختلف اقدامات تجویز کیے گئے اور تمام زونز کو ہدایت کی گئی کہ وہ تجویز کردہ اقدامات کی روشنی میں جدوجہد کو مزید منظم کریں۔اجلاس میں لبریشن فرنٹ کے تمام یونٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ تنظیم کے طلباء ونگ اور شعبہ خواتین کو مزید منظم کرنے کیلئے متعلقہ ذمہ داران سے تعاون کریں۔اجلاس میں آزاد کشمیر میں ہونے والے مقامی اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی اور ان نام نہاد اور غیر جمہوری انتخابات کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا گیا جن میں خود مختار کشمیر کے حامیوں کو حصہ لینے کی اجازت نہیں۔اجلاس میں ان انتخابات کے حوالے سے مکمل لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے ایک الگ اجلاس کی تجویز کو منظور کیا گیا۔

اجلاس میں تنظیم کے تمام زونز کے ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ وہ تنظیمی نظم و ضبط کی پابندی کو یقینی بنائیں اور اپنی صفوں میں گھسنے والے تنظیم مخالف عناصر اور انکی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف تادیبی کاروائی کریں۔سپریم کونسل نے واضح کیا کہ لبریشن فرنٹ تحریک آزادی کا امین وہ ہر اول دستہ ہے جسکی جنگ بھارت اور پاکستان کے حکمران طبقات سے ہے اور یہ ایک منظم جدوجہد ہے جسکو ثبوتاز کرنے کیلئے ہر وقت دشمن اس تنظیم و تحریک کی تاک میں رہتے ہیں۔اس لیے تنظیمی نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور تنظیم میں انتشار و گروہ بندی کو فروغ دینے والے عناصر سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اجلاس نے لبریشن فرنٹ کے تمام کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ سوشل میڈیا پر مہارجہ گلاب سنگھ کے حوالے سے چلنے والی غیر منطقی بحث سے خود کو دور رکھیں اور تنظیمی صفوںمیں فرقہ وارانہ اور تحریک مخالف عناصر کو جگہ مت دیں۔ اجلاس نے متفقہ طور پر تنظیم مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر صداقت مغل (ہانگ کانگ) اور کامران کشمیری( سعودی عرب)کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی اور تمام کارکنان کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ ایسے تمام عناصر سے کوئی رابطہ نہ رکھیں جو مختلف نوع کے ایجنڈوں کو آگے بڑھانے کیلئے تنظیم و تحریک کی صفوں میں انتشار کو فروغ دے رہے ہیں۔

اجلاس میں برسلز میں بھارتی وزیرِ اعظم کے دورے کے دوران زبردست احتجاجی مظاہرہ کرنے پر لبریشن فرنٹ کے ذمہ داران اور دیگر کشمیری راہنمائوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس میں گلگت بلتستان میںتنظیم سازی اور سپریم ہیڈ و دیگر مرکزی قائدین کے حالیہ دورے پر تفصیلی گفتگو ہوئی اورلبریشن فرنٹ گلگت بلتستان کے جنرل سیکریٹری مقبول احمد کی رپورٹ پر گلگت بلتستان میں تنظیم کو منظم کرنے کیلئے مختلف اقدامات تجویز کیے گئے۔اجلاس میں لبریشن فرنٹ کے اولین کمانڈر انچیف شہید اشفاق مجید وانی، شہید شبیر صدیقی ، شہید جلیل اندرابی،ڈاکٹر عبدلاحدگورو اور شہدائے حضرت بل کو انکی برسی کے موقع پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہداء کے مشن کی ہر صورت میں تکمیل کی جائے گی۔