کابل میں چار فریقی ممالک کا اجلاس، طالبان سے مذاکرات کیلئے روڈ میپ تیار

Taliban

Taliban

کابل (جیوڈیسک) افغان مفاہمتی عمل کے سلسلے میں پاکستان، امریکا چین اور افغانستان پر مشتمل رابطہ گروپ کا دوسرا اجلاس کابل میں ہوا۔

اجلاس میں پاکستانی سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری، افغان وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی، افغانستان میں امریکی سفیر مائیکل میکنلے اور چین کے افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے نے اپنے اپنے وفود کے ہمراہ شرکت کی۔

اجلاس میں افغانستان میں مفاہمتی عمل اور طالبان سے مذاکرات کیلئے روڈ میپ تیار کیا گیا اور طالبان گروپوں کیساتھ مذاکرات شروع کرنے کے لیے لائحہ عمل میں پیشرفت پر مشاورت کی گئی۔

رابطہ گروپ نے طالبان سے بات چیت کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے پر زور دیا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کے مطابق تمام ملکوں نے دہشتگرد گروپوں کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ سیاسی اختلافات عوام کی امنگوں کے مطابق بات چیت سے حل کیے جائیں۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ تمام طالبان گروپ افغان حکومت سے جلد سے جلد مذاکرات کریں۔