کراچی : نارتھ ناظم آباد تھانے پر کریکر حملہ، راہگیر جاں بحق

Police Station

Police Station

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوئوں کی فائرنگ اور تھانے پر کریکر حملے میں راہگیر جاں بحق اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ کراچی کےعلاقے نارتھ ناظم آباد میں فائیو سٹار چورنگی کے قریب دو موٹر سائیکل سوار چار ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔

ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے تیموریہ تھانے پر کریکر حملہ کیا جس میں ایک پولیس کانسٹیبل اقبال زخمی ہوا ۔ ریکسیو عملے نے زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جہاں راہ گیر علی عمران دم توڑ گیا ۔ زخمی ٹریفک پولیس اہلکار بشیر کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان تھے۔

ملزموں نے شال اوڑھ رکھی تھی ۔ انہوں نے 9 ایم ایم اور ایس ایم جی سے فائرنگ کی ۔ ملزموں نے پہلی گولی اس کے سر کا نشانہ لے کر ماری ، گولی اس کی ٹوپی کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔

ایک گولی پیٹ پر لگی ، بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے بچ گیا ۔ ملزم سخی حسن کے راستے سے آئے اور اسی جانب فرار ہوئے ۔ ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے تیموری تھانے پر کریکر پھینکا جس سے ایک کانسٹیبل اقبال زخمی ہوا ۔ زخمی کانسٹیبل کے مطابق ملزموں کی جانب سے پھینکا گیا کریکر تھانے کے اندر آ کر گرا تھا۔

دوسری جانب کورنگی کے علاقے اللہ والا ٹائون میں ڈکیتی مزاحمت میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے ۔ دونوں زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔