کشمیریوں کے دعووں کا دفاع ہمارے خون و روح میں شامل ہے، صدر ممنون حسین

 Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

مظفر آباد (جیوڈیسک) صدرِ پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی حمایت کرنا ہمارے خون میں شامل ہے، مقبوضہ کشمیرکے نہتے اور بہادر عوام کو ہم کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

مظفر آباد میں آزاد کشمیر اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریکِ آزادی ایک نئے دورمیں داخل ہوگئی ہے، ، آزادی کے لئے جانیں دینے والوں کو ہم سب سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا بھارت کشمیری قیادت کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دے، کشمیری عوام پرظلم وستم اوربات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔ کشمیری ظلم پراب عالمی ضمیرخاموش نہیں رہے گا۔

صدر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کے جان و مال ہر وقت خطرے میں گھرے ہیں، کشمیری عوام کے حوصلے اور جوش و جذبےکی دنیا میں مثال نہیں ملتی ہے جہاں کشمیر میں 100 سے زائد افراد کو پیلٹ گنوں سے آنکھوں سے محروم کیا جا چکا ہے لیکن ان کے حوصلے پست نہ ہوئے۔

صدر نے مزید خطاب میں کہا کہ ان تمام تر مظالم اور حق تلفیوں کے باوجود انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں ۔اگر انسانی حقوق کی تنظیموں کو اجازت نہ دی گئی تومقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید سنگین بن جائیگی۔