14 سے 16 جولائی تک کراچی آنیوالی عید ٹرینوں کےکرایوں میں 50 فیصد کمی کا اعلان

Trains Fares

Trains Fares

لاہور (جیوڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے 14 سے 16 جولائی تک کراچی آنے والی عید اسپیشل ٹرینوں کے کرایوں میں 50 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لاکھوں لوگ کراچی میں روزگار کے لیے آباد ہیں، اس میں ریلوے کا کوئی قصور نہیں ہے، ہر تہوار اور عیدین پر لوگ کراچی سے اپنے آبائی علاقوں کو لوٹتے ہیں

اگر ٹرین کراچی جائے گی نہیں تو مسافروں کو واپس کیسے لائے گی، جو ٹرینیں خالی گئی تھیں وہ واپس اپنی منزلوں پر سیکڑوں مسافروں کو لائی ہیں۔ آج بھی جو مسافر ٹرین کراچی روانہ ہوئی ہے اس میں واپسی کے لئے 450 مسافروں نے ایڈوانس بکنگ کرارکھی ہے۔ ریلوے کے کرائے روٹ ٹرانسپورٹ سے ابھی بھی کم ہیں، اس کے باوجود ہم 14 سے 16 جولائی تک کراچی آنے والی عید ٹرینوں کے کرایوں میں 50 فیصد کمی کررہے ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ قومی ادارے چلانے کی سنجیدہ کوشش کر رہے ہیں لیکن کچھ لوگوں کو اس بات کی تکلیف ہے کہ دھرنا کامیاب نہیں ہوا، موجودہ حکومت ریلوے کی بحالی کے لیے سنجیدگی اور ایمانداری سے کوشش کررہی ہے، ہم غلطیوں سے مبرا نہں ہیں، ہم نے اپنے دور میں پاکستان ریلوے نے آمدنی میں ااضافہ کیا ہے اور اخراجات کو کم کیا ہے۔ عیدالفطر کے بعد وہ ریلوے کے خسارے میں کمی سے متعلق تمام اعداد و شمار پیش کریں گے۔