لوڈشیڈنگ کیوں بڑھی، وزیر اعظم وزارت پانی و بجلی پر برہم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کو وزارت پانی و بجلی پر تاؤ آ گیا۔ لوڈشیڈنگ میں فوری کمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اور ذمہ داروں سے جواب طلبی کا حکم دیدیا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ تمام وسائل بروئے کار لائیں اور عوام کو بجلی فراہم کریں۔

بجلی کی لوڈشیڈنگ روکنے کیلئے قبل از وقت منصوبہ بندی کیوں نہیں کی؟ وزیر اعظم وزارت پانی و بجلی حکام پر شدید برہم ہوئے اور عوام کی تکلیف کا جلد از جلد ازالہ کرنے کا حکم دے دیا ۔ نا اہلی کے ذمہ داروں سے وضاحت طلب کر لی گئی۔

نواز شریف نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں کہا کہ متعلقہ محکموں نے موسم کی شدت اور ڈیموں میں پانی کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے قبل از وقت منصوبہ بندی کیوں نہیں کی۔ بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تمام وسائل بروئے کار لائیں جس قدر ممکن ہو لوڈشیڈنگ میں کمی کر کے ریلیف دیا جائے۔

وزیر اعظم نے وزارت پانی و بجلی کی وضاحت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت منصوبہ بندی نہ کرنے والے اہلکاروں پر ذمہ داری عائد کی جائے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیش نہ آئے۔