اے ڈبلیو ٹی موٹر وے انٹر چینج ایک ایسا منصوبہ ہے جو نہ صرف مقامی لوگوں کے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کریگا

Opening Ceremony

Opening Ceremony

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اے ڈبلیو ٹی موٹر وے انٹر چینج ایک ایسا منصوبہ ہے جو نہ صرف مقامی لوگوں کے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کریگا بلکہ یہ پاکستان بھر کے عوام کے لئے کارآمد ہو گا، یہ صرف ایک انٹر چینج ہی نہیں بلکہ صوبوں، قومیتیوں اور عوام کو آپس میں ملانے کا ذریعہ بنے گا، پاکستان کا روشن مستقبل دھرنوں یا گالی گلوچ کی سیاست نہیں اور نہ ہی پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ چوراہوں چوکوں میں ہونا چاہئے بلکہ ایک مہذب معاشرے کے جو اصول و ضوابط ہوتے ہیں اس کے مطابق ملک کی ترقی کے لئے عوام اور تمام مکاتب فکر یکسوئی کے ساتھ مخلص ہونگے تو اسکے بہتر اور دورس نتائج برآمد ہونگے ،65 کروڑ کی لاگت کی سیلف فنانسنگ سے بننے والا یہ انٹر چینج خوشحالی کا نیا باب رقم کریگا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنگجانی اے ڈبلیو ٹی ڈی 18 اسلام آباد موٹر وے انٹر چینج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا،اس موقع پر AWTکے چئیرمین جنرل خالدربانی، جنرل رضا محمد، چئیرمین این ایچ اے ،واپڈا کے یوسف اعوان، کرنل علی یسینٰ ،کرنل امجد راجہ چوہدری نثار علی خان کے معاون خصوصی سردار سلطان، راجہ لطیف، ایم پی اے حاجی ملک عمر فاروق،چئیرمین حاجی علی اصغر اعوان ، شیخ زیشان سعید ، شہزادہ سید عمران حیدر نقوی، اسسٹنٹ کمشنر تحصیل ٹیکسلا شاہد عمران مارتھ، حاجی محمد ضرار اعوان، محمد نجیب عباسی، راجہ سرفراز اصغر ، راجہ شیراز اصغر،سمیت ایم ایز ،ایم پی ایز سیکرٹری صاحبان، موٹروے پولیس کے افسران، سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے معززین کی کثیر تعداد موجود تھی،چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ آج جو مسائل پاکستان کو درپیش ہیں شاید اس سے قبل پاکستان کی تاریخ میں نہ تھے،وہ قومیں ترقی نہیں کرتیں جو انتشار یا تقسیم کے فارمولے پر عمل پیرا ہوں، آج پاکستان میں حلال حرام کی تفریق ختم ہو چکی ہے، پاکستان بہت سی مشکلات میں گھرا ہوا ہے، یہ مسائل دھرنوں یا احتجاجوں سے حل نہیںہو سکتے بلکہ نیک نیتی کے ساتھ عملی کام کرنے ہونگے۔

پاکستان میں اچھے لوگوں کیکمی نہیں اچھے لوگوں کو چاہئے کہ وہ سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہیں،اچھے کو اچھا اور برے کو برا کہنا ہمارے ایمان کا حصہ ہونا چاہئے، کرپشن ختم کرنے میں کوئی سنجیدہ نہیں سچ کو دھندلا نہ ہونے دیں جب یہ سب ہوگا تب ملک ترقی کریگا، ہمیں تلخیوں، محاز آرائیوں اور تشدد کو پس پشت ڈالکر نیک نیتی کے ساتھ ملک کی ترقی کے لئے کام کرنا ہے، ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہئے ایک دوسرے کو برداشت کریں،اللہ تعالیٰ ہم سب کو توفیق دے کہ ہم اپنے وطن کے لئے کچھ کر سکیں، سول سوسائٹی اورملٹری کے درمیان بہترین تعلقات ہونگے تو ملک کا کوئی مسلہ باقی نہ رہے گا، میں جنرل خالد ربانی کے بہت پہلے سے جانتا ہوں، ضرب عضب کی بنیاد جنرل خالد ربانی نے رکھی جسکے آج ہمیں ثمرات مل رہے ہیں۔

پاکستان کا مستقبل روڈ بنانا ہے راستے بنانے ہیں تاکہ تعمیروترقی کا عمل آگے بڑھے ملک خوشحال ہو انکا کہنا تھا کہ ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہئے بلکہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کے روشن اور محفوظ مستقبل کے لئے فعال کردار ادا کرنا ہے ،پہلے ہم مسلمان اور پھر ایک پاکستانی ہیں ہم نے مہذب قوموں کی طرح ترقی کی منازل طے کرنی ہے اسکے لئے ہمیں برداشت اور صبروتحمل کی راہ اختیار کرنی ہوگی،سپاسنامے میں جو ڈیمانڈ کی گئیں ہیں وہ سی ڈی اے اور پنجاب حکومت سے متعلقہ ہیں وہ میں پہلی فرصت میں ان پر کام کرونگا اور آئندہ بھی میری جہاں ضرورت ہو میں ہر وقت حاضر ہوں۔اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ڈاکٹر سید صابر علی
تحصیل رپورٹر ٹیکسلا
موبائل نمبر0300-5128038