قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی 7 منصوبوں کی منظوری دیدی

Meeting

Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 77 ارب روپے کے سات ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔ ایکنک نے آئیسکو کے لیے 16 ارب سے زائد کا منصوبہ منظور کیا جس کے تحت ٹیکسلا میں آئیسکو کی جدید عمارت تیار کی جائے گی۔ لیسکو کے لیے 30 ارب روپے مالیت کا منصوبہ منظور کیا گیا جس کے تحت پانچ سرکل اور ڈویژن کے لیے عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔

اسلام آباد میں پانچ سو کے وی کی ٹرانس میشن لائن کے لیے 8 ارب سے زائد کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ ایکنک نے آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 6 ارب سے زائد کا منصوبہ منظور کیا۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ سولہ میں جیل بنانے کے لیے چار ارب کا منصوبہ منظور کیا گیا۔

ایکنک نے سندھ میں چھوٹے ڈیم بنانے کے لیے 10 ارب روپے کے منصوبہ کی منظوری بھی دی اور لاہور سیالکوٹ موٹروے کی زمین کے متاثرین کے لیے چھ ارب روپے فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔