نیو کلیئر سپلائر گروپ اجلاس، بھارت کی رکنیت کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہیں

Chinese Foreign Ministry

Chinese Foreign Ministry

اسلام آباد (جیوڈیسک) 48 ممالک پر مشتمل نیوکلیئر سپلائیرز گروپ اپنے سالانہ اجلاس میں پاکستان اور بھارت کو گروپ کی رکنیت دینے کے معاملے پر غور کرے گا۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بھارت کی رکنیت کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق این پی ٹی پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کی گروپ میں شمولیت کے بارے میں تفصیلی بحث کی ضرورت ہے۔

این ایس جی کے رکن ممالک معاہدے پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کی گروپ میں شمولیت پر متفق نہیں۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے ہمارے جوہری پروگرام پر قدغن لگانے کی کوشش کی تاہم ہم نے امریکا پر واضح کر دیا ہے کہ قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

ادھر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر سپلائیرز گروپ میں پاکستان کی شمولیت پر بھارت کو کوئی اعتراض نہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ چین کو اس بات پر راضی کر لیں گی کہ وہ بھارت کی مخالفت نہ کرے۔

بھارت کو این ایس جی کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے چین کی شدید مخالفت کا سامنا ہے۔