آف شور کمپنیوں پر دوغلے پن کا ایوارڈ ’’مسٹر خان‘‘ کو جاتا ہے، مریم نواز کی ٹوئٹ

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان آف شور کمپنیوں کے بانی ہیں لہٰذا دوغلے پن کا ایوارڈ مسٹر خان کو جاتا ہے۔

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے آف شور کمپنی کے اعتراف کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اپنی توپوں کا رخ عمران خان کی جانب کردیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ دوغلے پن کا ایوارڈ مسٹر خان کو جاتا ہے کیونکہ عمران خان آف شور کمپنیوں کے بانی ہیں۔

دوسری جانب خواجہ آصف نے بھی اپنی ٹوئٹ میں عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کالیا بھی آف شور کمپنی والا نکلا، بولا تھا رولا نہ پا، عمران خان کی باتیں دیکھو اورحالت دیکھو، کوئی شرم کرو کوئی حیا کرو۔

وفاقی وزیر نجکاری محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کی سب سے پرانی آف شور کمپنی عمران خان کی ہے جو انہوں نے 1983 میں نیازی سروسز لمیٹڈ کے نام سے بنائی جس کی تصدیق تحریک انصاف نے آج کردی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں برطانیہ کا شہری نہیں تھا اس لیے میرے اکاؤنٹنٹ نے مجھے بتایا کہ اگر فلیٹ اپنے نام پر لیا تو پورا ٹیکس دینا پڑے گا اس لیے برطانیہ میں آف شور کمپنی بناؤں جو 1983 میں قائم کی اور اسی کمپنی کے تحت آف شور فلیٹ خریدا جو میرا حق تھا۔