افواج پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم و تہیہ کرچکی ہیں‘ مشرف

Musharraf

Musharraf

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) افواج پاکستان نہ صرف جذبہ ایمانی و جذبہ شہادت سے سرشار ہے اور محبت پاکستان وحب الوطنی سے مالامال ہے بلکہ پاکستان کی تحفظ و سلامتی کیلئے ہر طرح کی قربانیاں دینے کیلئے ہمہ وقت تیار بھی ہے اور تاریخ اس کی بیمثال و لازوال قربانیوں کی گواہ رہی ہے اسلئے ہر دہشتگردانہ حملہ اس کے حوصلوں کو مزید مہمیز دیتا ہے۔

اسلئے پشاور ایئربیس پر دہشتگردانہ حملہ نے دہشتگردی کے خاتمے کے فوج کے عزم کو مزید مستحکم کیا ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے پشاور ایئربیس پربزدلانہ دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرداپنی بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعے فوج کے عزم و حوصلے کو کسی طور شکست نہیں دے سکتے۔

اے پی ایم ایل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید کے مطابق پرویز مشرف نے کہا کہ پشاور ایئر بیس پر حملہ اورکیپٹن اسفندیار جیسے فوجی جوانوں کی شہادت نے دہشتگردوں کو منطقی انجام اور آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے نزدیک کردیا ہے کیونکہ افواج پاکستان دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کا عزم و تہیہ کرچکی ہیں۔