آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ، نیشنل بنک کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی

Football Tournament

Football Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل مقابلے میں میزبان نیشنل بنک کی ٹیم نے اپنے خوبصورت اور عمدہ کھیل کی بدولت مضبوط حریف مدہو محمڈن کو 3-1سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی کھیل کے دوران پہلے ہاف میں نیشنل بنک کی ٹیم کو عبدالعزیز کے گول کی بدولت 1-0سے برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں نیشنل بنک کی ٹیم نے اپنے کھیل میں مزید بہتری پیدا کی اور تیز حملوں کا سلسلہ جاری رکھا کھیل کے 50ویں منٹ میں مدہو محمڈن کے سعید نے خوبصورت گول اسکور کرکے مقابلہ 1-1سے برابر کردیا تاہم کھیل کے 66ویں منٹ میں نیشنل بنک کے مصباح الحسن اور 79ویں منٹ میں عدنان نے مزیددو گول کرکے مقابلہ 3-1کردیا جو کھیل کے اختتام تک جاری رہا میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کوئٹہ کے سنیئر نائب صدر ھاضی احسان اللہ کاکڑ سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔

اس موقع پر ڈی ایف اے کوئٹہ کے ممبر منظور احمد ،سنیئر اسپورٹس جرنلسٹ کوئٹہ عطاء اللہ درانی ،ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،شعبہ کھیل نیشنل بنک کے کوارڈینٹر قمر علی قریشی ،امیر محمد خان ،ایم خالد نیشنل بنک ،منور احمد ،عابد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دیگر میچوںمیں اے کے ایف سی کوئٹہ نے مد مقابل ہزارہ گرین کو 1-0سے شکست دیدی کھیل کے 28ویں منٹ میں افتخار حسین نے فیصلہ کن گول اسکور کیا ۔دوسرے میچ میں ایکوا کلب کوئٹہ نے سخت مقابلے کے بعد چاند ایف سی کوئٹہ کو 1-0سے زیر کرکے 3قیمتی پوائنٹ حاصل کرلئے۔

ایکوا ایف سی کوئٹہ کے زاہد نے فیصلہ کن گول اسکور کئے ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جاوید بنگش ،جہانگیر خان ،نصیر عمر بلوچ ،شاہنواز بلوچ ،انیس اختر اور شوکر علی خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایم خالد نیشنل بنک اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔