میں جتنا پاکستانی ہوں اتنا کشمیری ہوں: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

مظفر آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں منعقدہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر محمد نواز شریف نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ منفی سیاست کرنے والوں نے کشمیر کے الیکشن میں کیا کچھ نہیں کیا۔

جمعے کو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس خطے کے لوگوں نے منفی سیاست کے ذریعے پروپیگنڈا کرنے والوں کو مسترد کیا ہے۔ انھوں نے مخالفین سے کہا کہ دھرنے سے نہیں سیاست کچھ کرنے سے آتی ہے۔

مظفر آباد سے صحافی کے مطابق خورشید حسن خورشید سٹیڈیم میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ’میں پاکستان اور کشمیر میں فرق نہیں سمجھتا۔ میں جتنا پاکستانی ہوں اتنا کشمیری ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں پر ہونے والے مظالم کو نہیں بھلا سکتے دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں ۔اب کشمریوں کی آزادی کی تحریک کو کوئی نہیں روک سکتا۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہو گا اور وہ پاکستان کا حصہ ہو گا۔‘

پاکستان کی حکمران جماعت مسلم لیگ ن کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 41 میں سے 31 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے انھوں نے کہا کہ ’یہاں کے لوگوں کو کرپٹ سیاست دانوں کا سامنا تھا جن کو انھوں نے ووٹ کے ذریعے رد کیا ہے۔‘

نواز شریف نے کہا کہ ’ن لیگ نے وہ معرکہ مارا جس کا مخالفین تصور نہیں کر سکتے۔‘ انھوں نے کہا ’ کشمیر میں سڑکوں کا جال بنے گا۔ ہسپتال اور ڈسپنسریاں بھی بنائیں گے اوریہاں کی نئی حکومت کے کاموں کی خود نگرانی کروں گا۔ وزیراعظم نے کہا منتخب نمائندوں نے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے۔‘