پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا: جنرل باجوہ

General Qamar Javed Bajwa

General Qamar Javed Bajwa

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی وزارت دفاع کا دورہ کیا جہاں برطانوی سی جی ایس جنرل کارٹر نے ان کا استقبال کیا جب کہ اس موقع پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون پر حکومت برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن دوست ملک ہے اور وہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا ، انہوں نے افغانستان میں ا من کو بھی دونوں ملکوں کا مفاد قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اس کے لیے نہ صرف افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے بلکہ وہ خود بھی اس حوالے سے اپنا مثبت کردارادا کرتا رہے گا ۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر مشترکہ سکیورٹی میکنزم بہت ہی اہم ہے اور دونوں ملکوں کو اس کے لیے مل کرترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔انہوں نے برطانوی حکام کو اس سلسلے میں پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگا ہ کیا اور کہا کہ افغانستان کو بھی مشترکہ دشمن کو شکست دینے کے لیے اسی قسم کے اقدامات کرنا ہونگے۔

، جنرل قمرجاوید باجوہ نے سی پیک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صرف خطے ہی نہیں بلکہ اس سے بھی آگے کے لیے اقتصادی ترقی کا باعث ہو گا ۔ انہوں نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حمایت پر برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔