پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابیوں کی نوید سنا دی، کہتے ہیں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر خاتون اول کلثوم نواز اور صاحبزادے حسین نواز بھی ہمراہ تھے۔

انہوں نے علی حیدر کی بازیابی پر یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دی ، اس موقع پر انہوں نے گیلانی فیملی کے لیے گلدستے ، پھل اورمٹھائی کے تحفے بھی پیش کیے ۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔

دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی یوسف رضا گیلانی سے علیحدگی میں ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم نے پانامہ ایشو پر یوسف رضا گیلانی سے بات کی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے خصوصی طیارہ افغانستان بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

نواز شریف نے علی حیدر گیلانی سے گفتگو میں کہا کہ کلثوم نواز نے آپ کی رہائی کیلئے بہت دعائیں کیں ، علی حیدر گیلانی نے جواب میں شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مائیں تو دعائیں کرتی ہی ہیں۔