عوام نے لندن میں بھی عمران خان کی جھوٹی سیاست کو زمیں بوس کر دیا، پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ لندن میں بھی عوام نے عمران خان کی جھوٹی سیاست کو زمیں بوس کردیا۔

اپنے ایک بیان میں پرویز رشید نے لندن کا میئر منتخب ہونے پر پاکستانی نژاد شہری صادق خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد کی جیت پاکستانیوں کے لئے خوشی کا سبب ہے، محنت کش کے بیٹے کی فتح پر پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان لندن میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستانی نژاد شہری کے خلاف مہم چلاتے رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ زیک گولڈ اسمتھ نے لندن میں عمران خان کی مقبولیت کے خود ساختہ دعوے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے جب کہ عوام نے لندن میں بھی عمران خان کی جھوٹی سیاست کو زمیں بوس کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن میں ہونے والے انتخابات میں پاکستانی نژاد شہری صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے اور انھوں نے عمران خان کے سابق برادر نسبتی اور جمائما خان کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کو شکست سے دوچار کیا۔