پولیس سرکل وزیرآباد کے علاقہ میں پتنگ بازی کا خون کھیل عروج پر پہنچ گیا

Kite Flying

Kite Flying

وزیرآباد (نامہ نگار) پولیس سرکل وزیرآباد کے علاقہ میں پتنگ بازی کا خون کھیل عروج پر پہنچ گیا۔ پولیس اہلکار غفلت کی نیند سونے لگے۔ پتنگ بازوں کو کھلی چھٹی مل گئی۔ تھانہ صدر کے علاقہ نظام آباد میں سائیکل سوار شہری کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہوگیا۔

نواحی علاقہ ویروکی کا رہائشی بیس سالہ نوجوان محمد شفیق گزشتہ روز اپنے کسی کام کی غرض سے جی ٹی روڈ پر جارہا تھا کہ نظام آباد کے قریب کٹی پتنگ کی ڈور سے اس کا چہرہ بری طرح زخمی ہوگیا۔ محمد شفیق کیمطابق اگر وہ تھوڑی تیز رفتار سے آرہا ہوتا تو اس کا سر تن سے جدا ہوجاتا۔ تھانہ صدر اور سٹی کے علاقوں میں شام کے اوقات میں بسنت کا سا سماں ہوتا ہے۔

پتنگ اڑانے والے خود بھی حادثات کا شکار ہوتے ہیں جبکہ روڈ پر کٹی ہوئی پتنگوں کی قاتل ڈوروں سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں چار روز قبل گورمے بیکر ز کے قریب پتنگ کے پیچھے بھاگتے ہوئے نوجوان کو بچاتے ہوئے موٹر سائیکل سوار فیملی گر کر شدید زخمی ہوگئی تھی۔ اخبارات میں خبریں آنے کے باوجود پولیس سرکل وزیرآباد نے پتنگ فروشوںاور پتنگ بازوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی۔ عوامی، سماجی حلقوں نے آر پی او گوجرانوالہ،وزیراعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔