پیپلز پارٹی سے اختلاف کی بنیادی وجہ ذوالفقار مرزا تھے، نبیل گبول

Nabeel Gabol

Nabeel Gabol

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے والے سیاستدان نبیل گبول کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سے اختلاف کی بنیادی وجہ ذوالفقار مرزا تھے، بے نظیر بھٹو کی کراچی آمد پر سیکیورٹی کے انچارج ذوالفقار مرزا تھے۔

انہوں نے اپنی پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے حوالے سے گفتگو کی۔

نبیل گبول کا کہنا تھا کہ لیاری کو امن کمیٹی کے حوالے کیا گیا تھا جس پر پیپلزپارٹی سے اختلافات تھے، ذوالفقار مرزا ایم کیو ایم سے مقابلہ کرنے کیلئے لیاری میں مسلح گروپ بنانا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا لیاری کو جرائم کا گڑھ بنا رہے تھے، وہ ان گائیڈڈ میزائل بن چکے تھے، میں عوامی نمائندہ تھا لیکن لیاری میں بے بس تھا۔

نبیل گبول کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا نے لیاری میں جرائم پیشہ افراد کو طاقتور بنایا، پیپلز امن کمیٹی کی وجہ سے لوگ لیاری سے نقل مکانی پر مجبور تھے۔

انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب نے ذوالفقار مرزا کو کہا کہ نبیل گبول کے ساتھ معاملات حل کریں، اگر زرداری صاحب کے پاس وژن نہ ہوتا تو صدر کیسے بنتے، پارٹی کیسے منظم کرتے۔

نبیل گبول نے بتایا کہ عمران خان نے 3 مرتبہ تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی تھی، ایک سال سے پی ٹی آئی یا پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے بات چیت ہو رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ کلاکوٹ میں پیپلزپارٹی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر عبدالرحمان ڈکیت کو دیکھا تھا، عزیر بلوچ سے پہلے لیاری میں گینگز نہیں بنے تھے، میں نے عزیر بلوچ کو وارننگ بھیجی تھی کہ 15 روز میں سرینڈر کر دو۔